ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آئین کے لئے لڑرہے لوگوں کوحکومت کچل رہی ہے:پرینکا گاندھی

آئین کے لئے لڑرہے لوگوں کوحکومت کچل رہی ہے:پرینکا گاندھی

Sun, 22 Dec 2019 11:01:37    S.O. News Service

نئی دہلی،22/دسمبر(ایس او نیوز/یواین آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے شہریت کے قومی رجسٹر (این آرسی)اورشہریت ترمیمی قانون کو آئین کی روح اور غریب عوام کے خلاف بتاتے ہوئے کہاہے کہ لوگ آئین کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر لڑرہے ہیں لیکن حکومت بے رحمی سے انھیں کچل رہی ہے۔واڈرا نے ہفتہ کو یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ این آرسی اور شہریت ترمیمی قانون ملک کے غریب عوام کے خلاف ہے۔حکومت کایہ قدم آئین کی روح کے منافی ہے اور کسی بھی قیمت پر باباصاحب امبیڈکر کے آئین پر حملہ نہیں ہونے دیاجائیگا۔آئین پر ہورہے اسی حملہ کے خلاف ملک کے عوام سڑکوں پر لڑرہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ لوگ اپنے حقوق کی لڑائی سڑکوں پر اترکرلڑرہے ہیں لیکن حکومت احتجاج کررہے لوگوں کے خلاف بے رحمی سے پیش آرہی ہے اورظلم وجبر اور تشددپر آمادہ ہے۔آئین کوبچانے کی تحریک ملک کے سبھی حصوں میں جاری ہے لیکن ملک کے ہر حصہ میں مظاہرین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔حکومت ان احتجاجی مظاہروں میں شامل ہورہے طلبا،دانشوروں،سماجی کارکنوں،وکلا اور صحافیوں کو گرفتارکررہی ہے اور یہ قابل مذمت ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت نے جیسے نوٹ بندی میں غریبوں کو لائن میں کھڑا کیاتھا اب این آر سی اور شہریت ترمیمی قانون کے نام پر لوگوں کو اسی طرح سے لائن میں کھڑاکرنے کی تیاری کررہی ہے۔حکومت اس کے لئے ایک ’ایک تاریخ طے کرے گی‘اور ہر ایک ہندوستانی کو اپنی شہریت ثابت کرنے کے لیے اس تاریخ سے پہلے کوئی ویلڈ دستاویز پیش کرنا ہوگا۔اس عمل میں سب سے زیادہ غریب اور پچھڑے طبقہ کے لوگوں کو پریشان کیاجائے گا۔ پرینکانے کہاکہ پولیس پورے ملک میں مظاہرین کو گرفتار کررہی ہے۔لیکن لوگوں کو گرفتار کرکے پولیس کہاں لے جارہی ہے اس کا کسی کوپتہ نہیں ہے۔لکھنؤمیں دودن سے سماجی۔سیاسی کارکنوں کو پولیس غیرقانونی طریقہ سے حراست میں رکھے ہوئے ہے۔


Share: